اسلام آباد: پاکستانی فضائیہ کا ایف 16 تباہ، پائلٹ ہلاک

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی فضائیہ کا ایک ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس حادثے میں طیارے کے پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد: پاکستانی فضائیہ کا ایف 16 تباہ، پائلٹ ہلاک

یہ حادثہ بدھ کی صبح شکر پڑیاں کے مقام پر پیش آیا جہاں یومِ پاکستان کی سالانہ پریڈ کی تیاریاں جاری تھیں۔

پاکستان ایئر فورس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا ایف 16 طیارہ بھی 23 مارچ کی پریڈ کی ریہرسل کا حصہ تھا اور اس حادثے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم ہلاک ہوئے ہیں۔

فضائیہ کے ترجمان کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق دھماکے کے بعد جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ واقعے کے فوراً بعد فوج کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں تک عام آدمی کی رسائی بند کر دی گئی۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق فوجی حکام کی جانب سے انھیں کہا گیا کہ اگر ان کی ضرورت پڑی تو انھیں مطلع کر دیا جائے گا۔