سپرلیگ، زلمی کی ہر تدبیر ناکام، قلندرز پھر سرخرو، پلے آف کی امید برقرار

فخر زمان اور کرس لین نے میچ وننگ اننگز اور ڈیوڈ ویزے کے دو چھکوں کے سامنے پشاور زلمی کی تمام تدبیریں ناکام ہوگئیں ۔

سپرلیگ، زلمی کی ہر تدبیر ناکام، قلندرز پھر سرخرو، پلے آف کی امید برقرار

لاہور. فخر زمان اور کرس لین نے میچ وننگ اننگز اور ڈیوڈ ویزے کے دو چھکوں کے سامنے پشاور زلمی کی تمام تدبیریں ناکام ہوگئیں ۔ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے چوتھی کامیابی اپنے نام کرلی اور اس کے پلے آف میں جانے کے امکانات کو روشن کرلیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 8پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ نشیب و فراز اور اتار چڑھائو کے بعد قلندرز نے زلمی کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ ڈیوڈ ویزے نے ایک گیند پہلے چھکا مار کر شاندار فتح دلوائی۔ ویزے نے چھ گیندوں پر17رنز بنائے۔ سمت پٹیل11رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ زلمی نے سات وکٹ پر187رنز بنائے تھے۔ سابق چیمپئن پشاور زلمی کو نویں میچ میں چوتھی شکست ہوئی اور چار میچ جیتے ہیں۔ قلندرز کی اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر مزید کٹھن ہوگیا ہے۔ منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہر طرف دما دم مست قلندرز کے نعرے گونجتے رہے۔ کرس لین نے32گیندوں میں59رنز تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے بنائے انہوں نے فخر زمان کے ساتھ96رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ دو وکٹ گرنے کے بعد آخری چار اوورز میں چالیس رنز اور دو اوورز میں24رنز درکار تھے۔ چھ گیندوں پر8رنز کی ضرورت تھی۔ فخر زمان 46گیندوں پر63رنز بنائے انہوں نے تین چھکے اور چار چوکے مارے۔ بریتھ ویٹ نے18ویں اوور میں حفیظ چار اور ڈنک سات رنز کو آئوٹ کردیا۔ ٹاس قلندرز نے جیتا اور پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹام بینٹن صفر، لیونگ اسٹون چار اور کامران اکمل بارہ رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ نوجوان حیدر علی نے اپنی پر اعتماد اور جارحانہ بیٹنگ سے سب کو حیران کردیا۔ پاور پلے کے اختتام پر پشاور زلمی کے 42 کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ چوتھے اوور میں 24رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد19سالہ حیدر علی نے43گیندوں پر69رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار فلک شگاف چھکے اور چار تیز رفتار چوکے مارے۔ تجربہ کار شعیب ملک نے ٹورنامنٹ کی تیسری نصف سنچری بنائی۔ شعیب ملک نے62رنز بنانے کے لئے43گیندیں کھیلیں۔ انہوں نے دو چھکے اورسات چوکے مارے۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کی شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے قلندرز کو پانچویں وکٹ دلائی اور گریگوری کو 155 کے اسکور پر آؤٹ کیا جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔ حیدر علی دلبر حسین کو وکٹ دے گئے۔ کارلوس بریتھویٹ نے 16 اور حسن علی نے 7 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے28رنز دے کر تین جبکہ سمت پٹیل نے37رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ حارث رئوف کے چار اوورز میں39رنز بنے۔ دلبر حسین نے38اوردیوڈ ویزے نے31رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔