زارا نور کا سجل کیلئے پیار بھرا پیغام

پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی قریبی دوست اور اداکارہ سجل علی کو شادی سے پہلے ایک تفصیلی نوٹ لکھ کر اپنی محبت کا اظہار کیا ہے اور آنے والی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

زارا نور کا سجل کیلئے پیار بھرا پیغام

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر زارا نور عباس نے سجل کے ساتھ بنائی گئیں ویڈیوز و تصاویر شیئر کیں اور ایک تفصیلی پیغام شیئر کیا۔

زارا نور نے اپنے پیغام میں بتایا کہ اُن کی اور سجل کی دوستی ایک دہائی کے طویل عرصے پر مشتمل ہے، اور اس ایک دہائی کے عرصے میں انہوں نے خوشی و غم کے لمحات ایک ساتھ گزارے۔

جلد ہی اداکار احد رضا میر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی سجل علی کے لیے زارا نے لکھا کہ ’میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ نوجوان و معصوم سی لڑکی ایک عمدہ خاتون میں تبدیل ہو کر اپنی زندگی کے بہترین فیصلے کرنے کے قابل ہوجائے گی اور یہ سب اتنی جلدی ہوگا۔‘

انہوں نے اپنی بہترین دوست کے لیے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ ’میرے لئے تمہیں کسی کے ساتھ شیئر کرنا بہت مشکل ہے، اپنے شوہر کو بتادینا کہ تم ہمیشہ میری بھی رہو گی۔‘

اپنے پیغام میں انہوں نے شاہ رخ خان اور کاجول کی معروف بالی ووڈ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا ڈائیلاگ لکھتے ہوئے جلد ہی ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی احد اور سجل کی شادی جلد ہی ہوگی، شادی کے دعوت ناموں کی تقسیم بھی شروع کردی گئی ہے لیکن شادی کی تاریخ کو ابھی منظر عام پر نہیں لایا گیا۔