امریکا سے پی آئی اے کی پہلی خصوصی ریلیف پرواز آج اسلام آباد پہنچے گی

امریکا سے پی آئی اے کی پہلی خصوصی ریلیف پرواز آج اسلام آباد پہنچے گی

امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر قومی ایئر لائن کی پہلی خصوصی ریلیف پرواز آج شام 4 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8722 امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے 200 پاکستانی مسافروں کو لے کر اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات آٹھ بجکر 26 منٹ پر روانہ ہونے والی یہ پرواز مسلسل 13 گھنٹے سے زائد وقت کا سفر کرتے ہوئے پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 5 بجے براہ راست پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے گی۔

پی آئی اے نے امریکا سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی اجازت حاصل کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید اپنی ٹیم کے ہمراہ خود واشنگٹن ائیرپورٹ پر موجود رہے اور پاکستانی مسافروں کو رخصت کیا۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وطن واپس پہنچنے والے مسافروں کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر کورونا وائرس کے سلسلے میں خصوصی اسکریننگ کی جائے گی اور طبی معائنے کے بعد انہیں کم از کم 48 گھنٹے کے لیے آئسولیشن سینٹر منتقل کیا جائے گا۔

سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے اس سلسلے میں کوششیں کرنے پر وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ تمام قومی ادارے مکمل یکجہتی اور یکسوئی سے ملک کی خاطر اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آخری پاکستانی کے وطن واپس آنے تک پی آئی اے کا پوری دنیا سے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔