کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کل ہوگا، وسیم خان

سنٹرل کنٹریکٹ میں اے بی اور سی تینوں کیٹگریز ہوں گی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی کاکہنا ہے کہ کوشش ہوگی سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 سے 20 کھلاڑیوں کو شامل کریں

کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کل ہوگا، وسیم خان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کل کر دیا جائے گا،ہم پلیئرز کو سیکیورٹی دینے کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کر رہے ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ چیف سلیکٹر مصباح الحق کل فہرست جمع کرائیں گے تو چیئرمین پی سی بی اس کی منظوری دیں گے ، سنٹرل کنٹریکٹ میں اے بی اور سی تینوں کیٹگریز ہوں گی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی کاکہنا ہے کہ کوشش ہوگی سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 سے 20 کھلاڑیوں کو شامل کریں،تاہم ابھی تک قومی کرکٹرز کی کیٹگریز سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، کل بات چیت ہوگی۔

دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ دورے کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے،صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرکے ہی سیریز پربات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں حالات اب بھی بہت خراب ہیں، 15 مئی کو ای سی بی سے تفصیلی بات چیت ہوگی،تاہم ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا ۔ وسیم خان نے کہاکہ اگلے تین چار ہفتے صورتحال کا جائزہ لیں گے، سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے پر ابھی تبادلہ خیال ہونا ہے،جبکہ انگلینڈ کے جوابی دورے سے متعلق یہ مناسب وقت نہیں ہے۔