میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس، صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ

انڈسٹریلائزیش وزیر اعظم عمران خان کا ویزن، صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی، صوبائی وزیر

میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس، صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ

لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں پر پیش رفت اور کالونائزیش کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین پیڈمک نبیل ھاشمی نے ترقیاتی کاموں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن انڈسٹریلائزیش کے ذریعے روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔اس لئے پنجاب حکومت نے صوبے میں صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شیخوپورہ میں موٹر وے کے نزدیک بننے والے قائداعظم بزنس پارک میں کثیر المقاصد کمپلیکس بنے گا۔

سپشل اکنامک زون بہاول پور کاجلد افتتاح ہوگا جبکہ ساہیوال میں ساڑھے سات سو ایکڑ رقبے پر سپیشل اکنامک زون بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ رقبے پر انڈسٹریل زون بنائیں گے۔جنوبی پنجاب میں لیہ مظفر گڑھ روڑپر چوبارہ کے مقام پر ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جارہی ہے۔20 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر بننے والی یہ انڈسٹریل اسٹیٹ خطے کی تقدیر بدل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بننے والے 13 خصوصی اقتصادی مراکز سے صوبے میں صنعتی انقلاب برپا ہوگا۔صوبائی وزیر نے صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل زونز میں بجلی اور گیس کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔سیکرٹری صنعت و تجارت واصف خورشید اور پیڈمک کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔