صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان نے کامونکی میں پبلک لائبریری آڈیٹوریم کا افتتاح کردیا

لائبریری لٹریچر کے ساتھ محبت کو پروان چڑھانے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگی: محمد رضوان

صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان نے کامونکی میں پبلک لائبریری آڈیٹوریم کا افتتاح کردیا

 لاہور:صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ دیجا رہی ہے جبکہ حکومت پنجاب شہریوں کو لائبریری کی شکل میں مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ بلا شبہ لائبریریز انسان کی سکلز بڑھانے کا اہم ذریعہ ہیں جبکہ حکومت پنجاب لائبریری میں انٹرنیٹ‘ کمپیوٹر کی سہولت کے ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ ہال کی سہولیات یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے کامونکی میں پبلک لائبریری آڈیٹوریم کے افتتاح کے موقع پر کیا جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کامونکی قرا ۃ العین اور نمائندگان ضلعی انتظامیہ بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے دوران خطاب کہاکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت صوبہ بھر میں نوجوان نسل کو ہر میدان میں آگے لانے کے لئے اقدامات کیئے جا رہے ہیں تاکہ کل کو یہی نوجوان پاکستان کی ترقی و تعمیر میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ کامونکی شہر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں بلکہ پہلے یہ شہر باسمتی کا شہر کہلاتا تھا مگر اب علم کا شہر بھی کہلائے گا۔

صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ امید قائم کی جا سکتی ہے کہ یہ لائبریری لٹریچر کے ساتھ محبت کو پروان چڑھانے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگی کیونکہ یہ لا ئبریری علم کا خزانہ ہے اور حکومت پنجاب نے شہریوں کویہ خزانہ حاصل کرنے کیلئے لائبیریری کی شکل میں موقع  فراہم کردیاہے۔بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع گوجرانوالہ کو آلودگی سے پاک ماڈل ضلع بنایا جائے گا جبکہ دھواں چھوڑنے والے بھٹہ خشت کو ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق31 دسمبر تک نہیں چلنے دیا جائے گا۔