محکمہ آبپاشی میں پانی چوری کا خاتمہ ہمارا عزم ہے: وزیر آبپاشی

یکم مئی سے 10 نومبر تک مجموعی طور پرپانی چوری کے 15847کیسز پولیس کو رپورٹ کئے گئے

محکمہ آبپاشی میں پانی چوری کا خاتمہ ہمارا عزم ہے: وزیر آبپاشی

لاہور : وزیر آبپاشی پنجاب محسن خان لغاری نے کہا ہے کہ نہری پانی کی چوری سنگین مسئلہ ہے جس کا حل ناگزیر ہے جس کی روک تھام کے لئے محکمہ نے ٹول فری نمبر 0800-11333 متعارف کروارکھا ہے جس پر کسان 24 گھنٹے کسی بھی وقت   پانی چوری سے متعلق شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ نہری پانی کی ٹیلوں تک رسائی کے لئے ضروری ہے کہ کسان برادری پانی چوری کی روک تھام میں محکمے کا ساتھ دیں۔ یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے کہاکہ موجودہ فصل ربیع کے دوران یکم مئی 2020 سے لیکر 10نومبر2020 تک مجموعی طور پر پانی چوری کے 15847 کیسزپولیس کو رپورٹ کئے گئے، جبکہ 10670ترمیم شدہ موگے اپنی اصلی حالت میں بحال کئے گے اور اسی دوران پانی چوروں کے خلاف 3023 ایف آئی آرز کا بھی اندارج ہوا۔جس کے نتیجے میں 892گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا  انشاء اللہ ربیع فصل کے لئے کسانوں کو گندم کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کے لیے پورا پانی مہیا کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہری پانی کسانوں کی امانت ہے اور اسے چوری کرنے والے دیگر کسانوں کی حق تلفی کرتے ہیں جو کہ ہمارے مذہب اور روایات کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی ٹیلوں تک رسائی کے لئے ضروری ہے کہ کسان برادری محکمہ آبپاشی کے ساتھ مکمل تعاون کرئے اور پانی چوری کرنے والوں کی بروقت نشاندہی کریں۔