بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داری کیساتھ بااختیار بنائینگے، نیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کریگااورعوام کو بااختیار بنائیگا:عثمان بزدار

بلدیاتی اداروں کو بہتر بنا کر ترقی کو عوام کی دہلیز تک لے جائینگے،پنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا

بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داری کیساتھ بااختیار بنائینگے، نیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کریگااورعوام کو بااختیار بنائیگا:عثمان بزدار

لاہور:.  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بہتر بنا کر ترقی کو عوام کی دہلیز تک لے جائیں گے اورنیا بلدیاتی نظام حقیقی معنوں میں عوام کو نچلی سطح پر بااختیار بنائے گا اورپنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا۔شہریوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔ وہ وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی  صدارت کررہے تھے،جس میں بلدیاتی اداروں سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا۔سیکرٹری بلدیات نے اجلاس کے شرکاء کو بلدیاتی اداروں کے امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماضی کے بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے جبکہ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہے اور حقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داری کے ساتھ بااختیار بنائیں گے اور نیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کرے گااورعوام کو بااختیار بنائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بلدیاتی ادارے اپنی بنیادی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔ چھوٹے بڑے شہروں میں تسلسل کے ساتھ صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔گلیوں، محلوں اور بازاروں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔بلدیاتی اداروں کو صفائی کیلئے بہترین اور جدید مشینری فراہم کی جارہی ہے۔بارش کے پانی کے بروقت نکاس کو یقینی بنانے کیلئے ڈرین نالوں کی صفائی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، مشیر آصف محمود،تحریک انصاف سنٹر ل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری، تحریک انصاف ناردرن پنجاب کے صدر صداقت علی عباسی، سیکرٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

٭٭٭