سمندرپارپاکستانیوں نے 9ماہ کے دوران 21.5 ارب ڈالرکازرمبادلہ ارسال کیا، سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے ہوئیں، وفاقی وزیر خزانہ

سمندرپارپاکستانیوں نے 9ماہ کے دوران 21.5 ارب ڈالرکازرمبادلہ ارسال کیا، سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے ہوئیں، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد :وفاقی وزیرخزانہ، محصولات وصنعت وپیداوارمحمدحماداظہرنے کہاہے کہ گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں رواں سال مارچ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں 43 فیصداضافہ ہواہے۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سمندرپار مقیم پاکستانیوں نے 21.5 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26.2 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت مں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 17 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا ۔سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے لیکرمارچ 2021 تک کی مدت میں سعودی عرب ترسیلات زرکے حوالہ سے سب سے بڑاملک ثابت ہواہے، سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے اس عرصہ میں 5.731 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20 فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 4.775 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا، یواے ای اس فہرست میں دوسرا بڑاملک ثابت ہواہے، یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 4.526 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 4.219 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ برطانیہ اورامریکا اس فہرست میں بالترتیب تیسرے اورچوتھے نمبرپرہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق فروری کے مقابلہ میں مارچ کے مہینہ میں ترسیلات زرمیں 20 فیصداضافہ ہواہے