پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں تمام مذہبی اقلیتوں کو یکساں مواقع فراہم کیئے جا رہے ہیں : اعجاز عالم  آگسٹین

مذہبی آزادیوں کے حوالے سے امریکہ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں ۔صوبائی وزیر انسانی حقوق

پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں تمام مذہبی اقلیتوں کو یکساں مواقع فراہم کیئے جا رہے ہیں : اعجاز عالم  آگسٹین

لاہور:صوبائی وزیر برائے اقلیتی امورو انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور اقتدار میں پاکستان بھر میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کو ہر میدان میں یکساںمواقع فراہم کیئے جارہے ہیں تاکہ وہ بھی پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو مذہبی آزادیوں کے حوالے سے بلیک لسٹ کئے جانے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کو قطعی طور پر مسترد کر تے ہیں ، افسوس کا مقام ہے کہ اس فہرست میں بھارت کا نام موجود ہی نہیں جبکہ پاکستان کو شامل کرلیا گیا حالانکہ بھارت کے وزیراعظم مودی کے خلاف مکمل اور پورے ثبوت موجود ہیں کہ وہ ہندوتوا کے حوالے سے مذہبی اقلیتوں پر مظالم اور شدید تر امتیازی سلوک کی پشت پناہی کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جہاں تک مذہبی آزادیوں کا تعلق ہے تو پاکستان کا آئین مذہبی اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور آزادی دیتا ہے، کیونکہ اسلام میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے جبکہ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ پاکستان میں ہندو¶ں، سکھوں اور مسیحوں کے علاوہ بعض دوسرے مذاہب کو ماننے والے بھی چین اور سکھ سے رہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز سینٹرل کیتھیڈرل چرچ آف پرےینگ ہینڈز میں گورنمنٹ کرسچن ملازمین کے ہمراہ کرسمس کی آمد کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے دوران خطاب کہا کہ پاکستان میں جس طرح مسلمانوں کے حقوق ہیں ،ایسے ہی دیگر مذاہب کے بسنے والے مسیحی ،ہندو،سکھ بھائیوں کے حقوق ہیں ،محکمہ انسانی حقو ق و اقلیتی امور کے پلیٹ فارم سے تمام شہریوں کی جان و مال،عزت وآبرو کی حفاطت یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اپنے مذاہب پر کاربند رہتے ہوئے ان لوگوں کا تعاقب کرنا ہے جو آپس میں نفرتیں پھیلاتے ہیں اور دوسرے مذاہب کے خلاف توہین آمیز رویہ اپناتے ہیں۔انہوں نے شرکا ءکو بتایا کہ حال ہی میں ایک نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے ،جس کے تحت اب عیسائی کی بجائے ہر جگہ مسیحی کا لفظ لکھ جائےگا اور انہوں نے خوشخبری سنائی کہ کرسمس کی آمد سے قبل تمام مسیحی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے جبکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں مذہبی اقلیتوں کے تمام عالمی دن پورے جوش و خروش سے منائے جا رہے ہیں جو کہ ماضی میں بالکل دیکھنے کو نہیں ملتا تھا۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے پاسٹرز،بشپس اور کمیونٹی کے مختلف شعبوں میں تعینات سرکاری ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا جبکہ ملک پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعاءبھی تقریب کا حصہ تھی ۔