پی ڈی ایم کے جلسے چور مچائے شور کے مترادف ہیں: سبطین خان

ضمنی الیکشن اپوزیشن کیلئے آئینہ ثابت ہوں گے رواں سال اپوزیشن کی مایوسی و محرومی میں اضافہ کرے گا: وزیر جنگلات 

پی ڈی ایم کے جلسے چور مچائے شور کے مترادف ہیں: سبطین خان

لاہور:صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان نے اپوزیشن کے جلسوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم شہر شہر جلسے کر کے عوام کو گمراہ مت کرے. اپوزیشن لیڈر عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔ کرپٹ ٹولے کے جلسے چور مچائے شور کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح رواں سال بھی اپوزیشن کی مایوسیوں اور محرومیوں میں اضافہ کرے گا۔ سردار سبطین خان نے مزید کہا کہ جمہوریت بحالی کا راگ الاپنے والے پہلے اپنا امیج بحال کر لیں۔

قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والے بار بار کس منہ سے عوام میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگنے والے خود ضمنی الیکشن لڑنے پر قائل ہو چکے ہیں۔ ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کا حصہ لینے کا فیصلہ حکومت کی جیت ہے۔ تاہم ضمنی الیکشن اپوزیشن کیلئے اس وقت آئینہ ثابت ہوں گے جب ان انتخابات میں پی ڈی ایم کی مقبولیت کا پردہ چاک ہو رہا ہوگا۔