پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی صغیر چغتائی حادثے میں جاں بحق

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی صغیر چغتائی حادثے میں جاں بحق

اسلام آباد: آزادکشمیراورپاکستان کے سنگم پر واقع آزاد پتن پل کے قریب دو گاڑیاں ٹکرا کر دریائے جہلم میں جا گریں۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور آئندہ انتخابات کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار صغیر چغتائی سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر سدھنوتی طاہر ممتاز کے مطابق رکن اسمبلی سردار صغیر چغتائی آج صبح اپنی گاڑی میں ڈرائیور کے ہمراہ انتخابی مہم کے لئے جا رہے تھے کہ آزادپتن پل کے قریب ان کی گاڑی ایک مہران کار سے ٹکرا کر دریائے جہلم میں جا گری۔

گاڑی میں صغیر چغتائی کے علاوہ ان کے دو ساتھی بھی سوار تھے جو دریا میں بہہ گئے اور تاحال کسی کی لاش نہیں مل سکی نہ ہی گاڑی کا سراغ مل سکا ہے، صغیر چغتائی کی گاڑی سے ٹکرانے والی کار سے تین افراد نے چھلانگیں لگا کر جانیں بچا لیں جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش مل گئی ہے، مذکورہ شخص کا تعلق اڈیالہ راولپنڈی سے ہے۔ڈی آئی جی پونچھ راشد نعیم کے مطابق مذکورہ مقام پردریا کا بہاؤ بہت تیز اور گہرائی بھی زیادہ ہے، دریا میں گاڑی اور لاشوں کی تلاش جاری ہے۔