ٹماٹر، انڈوں، چینی، دالوں،آٹا اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی

ٹماٹر، انڈوں، چینی، دالوں،آٹا اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد :ملک میں ہفتہ رفتہ کے دوران ٹماٹر ، انڈے ، چینی، ایل پی جی اورآٹا سمیت 9 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے ہفتہ وارحساس اشاریہ (ایس پی آئی) بارے جاری اعدادوشمارکے مطابق 10 مارچ کوختم ہونے والے ہفتہ میں مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.52 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران ملک میں ٹماٹرکی قیمت میں 15.57 فیصد، لہسن 3.94 فیصد، انڈے 1.22 فیصد، گڑ0.98 فیصد، چینی 0.73 فیصد، دال ماش 0.64 فیصد، دال مونگ 0.39 فیصد، ایل پی جی 0.24 فیصداورآٹا کی قیمت میں 0.22 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی،اس کے برعکس پیاز کی قیمت میں 10.86 فیصد، چکن 8.75 فیصد، کیلا4.49 فیصد، آلو2.38 فیصد، سرسوں کاتیل 2.33 فیصد، ایک کلوبناسپتی گھی 1.96 فیصد، واشنگ سوپ 1.40 فیصد اورانرجی سیورکی قیمت میں 1.32 فیصداضافہ ہواجس نے مجموعی ایس پی آئی میں 0.66 فیصدکااضافہ کیا۔

ہفتہ رفتہ میں روزمرہ استعمال کے 9 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی، 20 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 22 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں سرخ مرچ پاوڈرکی قیمت میں 36.30 فیصد، دال مونگ 30.52 فیصد،انڈے 18.59 فیصد، چینی 10.42 فیصد اورآلو کی قیمت میں 7.32 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔

سب سے کم یعنی 17732 روپے کی ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.48 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے 29517 روپے،29518 روپے سے 44175 روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے ہفتہ وارحساس اشاریہ میں بالترتیب 0.53 فیصد، 0.55 فیصد، 0.57 فیصد، اور0.59 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیادپرکیاجاتاہے۔