میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ٹیوٹ سیکٹر کے سربراہان کا اجلاس،پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے امور کا جائزہ

پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ میں ٹیوٹا،پی وی ٹی سی اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے سربراہوں کو شامل کرنے پر اتفاق فنی تعلیم کے اداروں کو پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت ایک چھتری تلے لایا گیا ہے،صوبائی وزیر صنعت وتجارت

میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ٹیوٹ سیکٹر کے سربراہان کا اجلاس،پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے امور کا جائزہ

لاہور:صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت آج ٹیوٹ سیکٹر کے سربراہان کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔جس میں پنجا ب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے امور،ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور معیاری فنی تعلیم کے فروغ  کے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔ چیف اپرینٹنگ آفیسرٹیوٹا اختر عباس بھروانا،سی ای او پی ایس ڈی ایف جواد خان،چیئرمین پی وی ٹی سی میجر ریٹائرڈ شاہنواز،ایڈیشنل پروجیکٹ ڈائریکٹر ہارون نصیر اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ میں ٹیوٹا،پی وی ٹی سی اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے سربراہوں کو شامل کرنے پر اتفاق ہوا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم کے اداروں کو پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت ایک چھتری تلے لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری کے مسائل پر قابو پانے کے لئے فنی تعلیم کا فروغ وقت کی ضرورت ہے اورمارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہنر مند نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو فنی تعلیم کے اداروں میں جدید علوم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ فنی تعلیم کا فروغ پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ فنی تعلیم کے اداروں کے سربراہان حکومتی ترجیحات کی روشنی میں فنی تعلیم کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ کے اہداف طے کر کے آگے بڑھا جائے۔ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے اہداف حاصل کرکے ہی صنعت کی ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ افرادی قوت دستیابی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ایڈیشنل پروجیکٹ ڈائریکٹر ہارون نصیرنے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔