منہ کھر بیماری کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور موثر فیصلوں کی ضرورت ہے: سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر

منہ کھر کنٹرول پروگرام بارے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس

منہ کھر بیماری کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور موثر فیصلوں کی ضرورت ہے: سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر

لاہور : منہ کھر ویکسین کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے قومی سطح پر مستحکم پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے منہ کھر کنٹرول کے سلسلے میں منعقدکئے جانے والے اجلاس کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق یہ اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اسلام آباد ڈاکٹر جہانزیب خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام صوبائی سیکرٹریز سمیت محکمانہ افسران نے شرکت کی۔اس اجلاس کا مقصد جانوروں میں منہ کھر بیماری کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی وضع کرکے قانونی ڈھانچہ کو مزید فعال کرنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس کے دوران منہ کھر کنٹرول کے حوالے سے محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کی کوششوں کو سراہا گیااورایک کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا جوملکی سطح پر اینیمل ہیلتھ ایکٹ اور ڈیزیز سرویلنس پروگرام کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی علاوہ ازیں منہ کھر کنٹرول پروگرام کو بھی ملکی سطحی پر نافض العمل بنایا جائے گا جس کی منظوری مشترکہ مفادات کونسل سے لی جائے گی۔سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن(ر)ثاقب ظفر نے ایف ایم ڈی آر سی لاہور کی منہ کھر ویکسین کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور اس ادارہ کو چائنہ کی مدد سے مزید فعال کرنے کے حوالے سے شرکاء کوبریف کیا۔

سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے کہا کہ چولستان کی طرز پر مزید منہ کھر کنٹرول زونز بنانا اُسی صورت میں موثر ہو گا جب تک ہم اپنی پیداواری صلاحیت کو مزید بہتر نہ کر لیں۔مزید یہ کہ گوشت کی بیرون ملک برآمد کو بڑھانے اور منہ کھر کنٹرول کے لیے فوری فیصلے لینے ہوں گے تاکہ غریب مویشی پال کی معاشی حالت میں بہتری لائی جا سکے۔اس اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل)، ڈائریکٹرپولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ،ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف ایم ڈی آر سی اور ڈیزیز انویسٹیگیشن اینڈ کنٹرولنگ آفیسرراولپنڈی نے بھی شرکت کی۔