کسانوں کو بروقت ادائیگی کیلئے کین کمشنر پنجاب کا بڑا فیصلہ

ادائیگی میں تاخیر پر شوگر ملیں 11 فیصد مارک اپ دینے کی پابند قرار

کسانوں کو بروقت ادائیگی کیلئے کین کمشنر پنجاب کا بڑا فیصلہ

لاہور : کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے کسانوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑا فیصلہ جاری کر دیا۔ کسانوں اور شوگر ملوں کے مارک اپ کی درخواستوں پر کین کمشنر نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 دن سے زیادہ تاخیر سے ادائیگی کی صورت میں شوگر ملیں کسانوں کو 11 فیصد مارک اپ دینے کی پابند ہوں گی۔ محمد زمان وٹو نے ملوں کی کسانوں کو تاخیر سے ادائیگی پر مارک اپ دینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ فیصلے سے کسانوں کے استحصال کا خاتمہ ہوگا اور اُنہیں معاوضہ کے بروقت حصول میں سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی محنت کی بروقت ادائیگی ہمارا شعار ہے، اس فیصلے سے ان کے حوصلے بلند ہوں گے اور ان کی محنت اور اجناس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔