میاں اسلم قبال سے پنجاب میرج ہالز اینڈ کیٹررزایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ میاں محمد الیاس کی قیادت میں وفد کی ملاقات

 ملاقات کے دوران میرج ہالز کے ایس او پیز اور دیگر مسائل پر بات چیت،وفد کا ٹیکسوں میں ریلیف کی فراہمی کا مطالبہ   میرج ہالز اور کیٹرینگ کے کاروبار کو درپیش تمام مسائل حل کئے جائیں گے،ٹیکسوں میں ریلیف دیں گے:صوبائی وزیر صنعت وتجارت

 میاں اسلم قبال سے پنجاب میرج ہالز اینڈ کیٹررزایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ میاں محمد الیاس کی قیادت میں وفد کی ملاقات

لاہور:صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم قبال سے آج پنجاب میرج ہالز اینڈ کیٹررزایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ میاں محمد الیاس کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران میرج ہالز کے ایس او پیز اور دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی۔وفد نے مطالبہ کیا کہ  میرج ہالز کے ایس او پیز کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ وفد کا کہنا تھا کہ کورونا کی وباء کے باعث شادی ہالوں کی بندش سے معاشی مشکلات آئیں اس لیے حکومت ٹیکسوں میں ریلیف دے۔

وفد نے میرج ہالز کھلوانے کے حوالے سے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرج ہالز اور کیٹرینگ کے کاروبار کو درپیش تمام مسائل حل کئے جائیں گے اورسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایس او پیز بنائے جائیں گے۔باہمی مشاورت سے طے کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد میرج ہالز کی مینجمنٹ کی ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میرج ہال رات 10 بجے بند ہونگے اور میرج ہال کی انتظامیہ سینی ٹائزرز کے استعمال کو یقینی بنائے گی۔

شرکاء کی تعداد کی پابندی پر بھی پوری طرح عمل درآمد یقینی بناناہوگا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سروسز فراہم کرنے والے عملے کا میڈیکل چیک اپ لازمی ہوگا اور عملہ ماسک بھی پہنے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے میرج ہالز کی بندش کے باعث معاشی مشکلات آئیں،حکومت ٹیکسوں میں ریلیف دے گی۔لائسنس فیس کی ادائیگی میں 6 ماہ کی رعایت دی جائے گی۔وفد میں پنجاب میرج ہالز کے صدر خالد ادریس بھٹی،جنرل سیکرٹری راؤ طارق اور دیگر عہدیدارن شامل تھے۔