انصاف لیبر کنونشن سنٹرل پنجاب کے ممبران کی تقریب حلف برداری

صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان کی بطور مہمان خصوصی شرکت ریٹائرڈ ورکرز کو بھی ہیلتھ کارڈ دیئے جائیں گے، مزدوروں کیلئے اشیاء ضروریہ کی خریداری پر ڈسکاؤنٹ کی سکیم لا رہے ہیں، عنصر مجید

انصاف لیبر کنونشن سنٹرل پنجاب کے ممبران کی تقریب حلف برداری

لاہور:صوبائی وزیرِ لیبر عنصر مجید خان نے انصاف لیبر کنونشن سنٹرل پنجاب کی حلف برداری کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں سینیٹر ولید اقبال، ایری گیشن منسٹر محسن لغاری، ایم پی اے سعدیہ سہیل، وائس چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایت سیل ناصر سلمان و دیگر لیبر یونین عہدیداران بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نے حلف لینے والے عہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہم سب کواپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیے رہے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ تنظیمی حلقہ مکمل ہونے سے لیبر کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی جبکہ لیبر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تنظیمی عہدیداران کی تجاویزکو سامنے رکھا جائے گا۔ وزیرلیبر نے حلف لینے والے عہدیدارں سے درخواست کی کہ ہم مزدور کے خون پیسنے سے کمائے جانے والے پیسوں کے امین ہیں لہذا ہم سب کو ایمانداری سے کام کرنا ہو گا۔ صوبائی وزیر لیبر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے 100 روز ہ پلان میں لیبر ڈیپارٹمنٹ نے مثالی کردار ادا کیا۔

کرپشن کے خاتمے اوردفتری امور میں بہتری کیلئے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ہنگامی بنیادوں پر آٹو میٹ کیا جارہا ہے۔ ورکرز ویلفیئر فنڈز کی پنجاب میں منتقلی کے حوالے سے مثالی اقدامات کئے گئے اورمزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے حکومت پنجاب نے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے لیبر قوانین میں ترمیم اور اشیاء ضروریہ کی خریداری پر ڈسکاؤنٹ کی سکیم لا رہے ہیں۔

ہمارا مشن معاشرے کے پسے ہوئے طبقہ کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی سہولت کے لئے سوشل سیکورٹی کے تحت ای کارڈز کا اجراء اگلے ماہ سے شروع کردیا جائے گا  جبکہ ریٹائرڈ ہونے والے ورکرز کو بھی ہیلتھ کارڈز جاری کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے ہسپتالوں کی تعمیر، ڈسپنسریوں کو اپ گریڈ کرنا، ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا اس کے علاوہ بے شمار پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔ تقریب میں دیگر عہدیدران نے بھی خطاب اور لیبر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی تجویز پیش کیں۔