وزیر خزانہ کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے متعلقہ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

وزیر خزانہ کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے متعلقہ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

لاہور : جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے سرکاری ملازمتوں میں الگ کوٹہ مختص کیا جائے گا اورکوٹے کا تعین آ بادی کے تناسب کی بنیاد پرکیا جائے گا۔ کوٹہ کی تخصیص کے لیے سرکاری ملازمتوں سے متعلق قوانین میں ضروری ترامیم کروائی جا رہی ہیں۔اسی طرح آ ئند ہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے الگ ترقیاتی پروگرام تشکیل دیا جائے گا اور حکومت جنوبی پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی الگ  اشاعت کو یقینی بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے اختیارات کے تعین اور کارکردگی میں بہتری کے لیے وزیر اعلیٰ کی تشکیل کردہ وزراء کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یکساں ترقی کے لیے جنوبی پنجاب کو الگ انتظامی زون کے طور پر متعارف کروایا جارہا ہے۔ جنوبی پنجاب کے لیے مخصوص بجٹ کی رنگ فینسنگ کو کابینہ کی حمایت سے یقینی بنایا گیا ہے اور الگ سیکرٹریٹ کا قیام اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعلیم، صحت اور زراعت سے منسلک تمام محکموں کو نمائندگی دی جارہی ہے تاکہ عوام کو انکی دہلیز پر خدمات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب میں با اختیار سیکرٹریٹ کے استحکام اور کارکردگی میں بہتری کے لیے منتقل ہونے والے تمام محکموں کو بھر پور تکنیکی معاونت مہیا کرے گی۔ جنوبی پنجاب میں مکمل سیکرٹریٹ کا قیام مرحلہ وار عمل ہے کیونکہ اس میں متعدد عوامل کار فرما ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیکریٹریٹ کی تکمیل تک انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں معمول کی کارروائی ہے۔ ابتدائی مرحلہ پر مرکزی نوعیت کے حامل محکمے لاہور سیکرٹریٹ سے خدمات مہیا کریں گے اورکمیٹی طے کرے گی کہ مرکزی محکموں میں سے کونسا محکمہ کس مرحلہ پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے اجلاس کو مزیدبتایا کہ سرکاری ملازمتوں میں علیحدہ کوٹے کی صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے محکمہ قانون، محکمہ خزانہ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب کے لیے الگ کوٹہ سے متعلقہ قانون میں ترامیم اور جنوبی پنجاب کے الگ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی، وزیر توانائی اختر ملک، وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، وزیر آ بپاشی محسن لغاری،وزیر برائے لائیو سٹاک سردار حسنین دریشک اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے اجلاس میں شرکت کی۔