عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام مسالک کو اتحاد و اتفاق کو عملی مظاہرہ کرنا ہو گا:صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

مولانا ڈاکٹر عادل خان کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، صاحبزادہ پیر فیض رسول رضوری، مولانا یوسف انور کا مشترکہ بیان

عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام مسالک کو اتحاد و اتفاق کو عملی مظاہرہ کرنا ہو گا:صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

چیئرمین مرکزی علماءکونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،چیئرمین تحریک اہل سنت پاکستان صاحبزادہ پیر فیض رسول رضوری، نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان مولانا یوسف انور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تمام مسالک کے لوگ متفقہ طور پر اسلام دشمن طاغوتی قوتوں کی عالمی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں۔کراچی کے علاقہ شاہ فیصل کالونی میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن استعماری قوتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ علماءپر دہشت گردانہ حملے کررہے ہیں تاکہ پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کیا جاسکے۔ یہ عالمی سازش ہے جس کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام مسالک کو اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تینوں مکاتب فکر کے علماءنے اس عزم کااظہار کیا کہ ہم ملک و ملت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہر سازش کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔اسلام کی مقدس شخصیات کا احترام سب پر لازم ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اسلام کی مقدس شخصیات کی توہین کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کرے۔ علماءکرام کو تحفظ فراہم کرے اور مولانا عادل خان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے لوگوں کو متحد و منظم ہو کر باطل قوتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہئے اور عالمی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں۔