میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس

پارکنگ کے مسائل، تجاوزات اور لاہور پارکنگ کمپنی کے امور کا جائزہ  لاہور پارکنگ کمپنی اپنے معاملات درست کرے،غیر قانونی پارکنگ پوائنٹس بند کئے جائیں، میاں اسلم اقبال

میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس

 لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت میں پارکنگ کے مسائل، تجاوزات اور لاہور پارکنگ کمپنی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ایم ڈی لاہور پارکنگ کمپنی کلب عباس، سی اواو میونسپل کارپوریشن شوکت علی، کمپنی کے جی ایم اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پارکنگ کمپنی اپنے معاملات درست کرے اورغیر قانونی پارکنگ پوائنٹس بند کئے جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پارکنگ کے نام پر شہریوں سے زیادتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

غیر قانونی پارکنگ پوائنٹس کے خلاف کاروائی کی جائے اورکرپٹ مافیا کے گٹھ جوڑ کو توڑنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کمپنی گاڑیوں کی پارکنگ کے حوالے سے مسائل پیدا کرنے کی بجائے شہریوں کو سہولت دے۔کمپنی جس مقصد کے لئے بنائی گئی تھی وہ حاصلِ ہونا چاہئے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈر زکا مشترکہ اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے پارکنگ کا مربوط نطام وضع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، تجاوزات کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات نے شہروں کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔صوبائی وزیر نے شہر میں لائٹنگ کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔