سعودی پولیس کی مسجد نبوی کی بےحرمتی پر5 پاکستانیوں کو گرفتارکرنے کی تصدیق

سعودی پولیس کی مسجد نبوی کی بےحرمتی پر5 پاکستانیوں کو گرفتارکرنے کی تصدیق

گرفتار افراد پر مقدس مقام کی بےحرمتی اور عبادات میں خلل ڈالنے کا الزام ہے، پاکستانی خاتون اور ساتھیوں کیخلاف نازیبا زبان بھی استعمال کی گئی، ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ ترجمان مدینہ منورہ پولیس

مدینہ منورہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2022ء) سعودی پولیس نے مسجد نبوی کی بےحرمتی پر5 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار افراد پر مقدس مقام کی بےحرمتی اور عبادات میں خلل ڈالنے کا الزام ہے،پاکستانی خاتون اور ساتھیوں کیخلاف نازیبا زبان بھی استعمال کی۔ جیو نیوز کے مطابق ترجمان مدینہ منورہ پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی واقعے پر 5 پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار افراد نے پاکستانی خاتون اور ساتھیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ 

گرفتار افراد کے خلاف مقدس مقام کی بےحرمتی کا الزام ہے۔ ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ گرفتار افراد پر زائرین اور نمازیوں کی سلامتی اور عبادات میں خلل ڈالنے کا الزام ہے۔ اس سے قبل سعودی سفارتخانے نے مسجد نبویﷺ کی بےحرمتی پر کچھ پاکستانیوں کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی تھی ڈائریکٹرانفارمیشن سعودی سفارتخانہ فواد العثمین نے کہا تھا کہ مسجد نبویؐ کے تقدس کی بےحرمتی پر کچھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جس میں کچھ پاکستانیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، یہ گرفتاریاں قوانین توڑنے پر ہوئی ہیں۔ 

واضح رہے گزشتہ روز مسجد نبویﷺ میں وزیراعظم شہبازشریف اور حکومتی وفد کو دیکھ کر پی ٹی آئی کارکنان نے خوب نعرے بازی کی ، کارکنان کی بڑی تعداد نے حکومتی وفد کا پیچھا کیا، غدارغدار، چور چور کے نعرے لگائے، وزیراعظم اوروفد کے ارکان کوسکیورٹی گارڈ زنے گھیرے میں لیے رکھا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے نعرے بازی اس وقت کی جب دورہ سعودی عرب کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دینے مسجد نبویﷺ گئے۔ 

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے مسجد نبویﷺ میں حکومتی وفد کیخلاف نعرے بازی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت والوں کو پاکستانیوں نے بھاگنے پر مجبور کیا، ان کو اپنی اصلیت پتا چل گئی ہوگی، لوگ ان کو پسند نہیں کرتے مسجد نبوی کے بعد کل یہ خانہ کعبہ جائیں گے وہاں بھی نعرے لگیں گے۔ یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پرمدینہ منورہ پہنچے ہیں۔ 

گورنر مدینہ منورہ نےاعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ وزیراعظم کا استقبال کیا۔ بلاول بھٹو، مفتاح اسماعیل، شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چودھری سالک حسین، خالد مقبول صدیقی بھی ہمراہ ہیں۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا پہلاغیرملکی دورہ ہے۔