بیگم صفدر اعوان پے در پے سیاسی ناکامیوں کے بعد اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھی ہیں: فیاض الحسن چوہان

انکا ''ووٹ کو عزت دو'' کا نعرہ دراصل ان کے ''جھوٹ کو عزت دو'' ہے حکومت احتساب کے مینڈیٹ کے ساتھ اپنے پانچ سال پورے کرے گی:  وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب

بیگم صفدر اعوان پے در پے سیاسی ناکامیوں کے بعد اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھی ہیں: فیاض الحسن چوہان

 وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بیگم صفدر اعوان کی جانب سے بی بی سی کو دیئے گئیانٹرویو پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان پے در پے سیاسی ناکامیوں کے بعد اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھی ہیں۔ انکا ''ووٹ کو عزت دو'' کا نعرہ دراصل ان کے ''جھوٹ کو عزت دو'' ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بیگم صفدر اعوان کا لیگی قائدین سے فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے رابطوں کا دعوٰی انکی ذاتی خواہش تو ہو سکتا ہے۔

حقیقت نہیں کیونکہ پاک فوج اور ریاستی ادارے ملکی سیاسی معاملات میں مداخلت سے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے دعوٰی کر رہا ہوں کہ پی ڈی ایم دسمبر کا مہینہ نہیں دیکھے گی لیکن یہاں تو نومبر کے پہلے عشرے میں ہی پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرنے کو ہے۔ پی ڈی ایم کے اس بکھرے شیرازے پر بیگم صفدراعوان کے دعوے اور بڑھکیں ''جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو، تن داغ داغ لٹا دیا'' سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

وزیر کالونیز و جیل خانہ جات نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ پچھلے 5 سال سے سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کو گناہ کبیرہ قرار دیتی رہی ہے۔آج فوج اور اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کا اعادہ اور ارادہ بیگم صفدر اعوان کا اکیسویں صدی کا سب سے بڑا یو ٹرن ہے۔ انہوں نے کہا اب ثابت ہو گیا کہ نواز شریف اینڈ فیملی گزشتہ پانچ سال سے کرپشن، بددیانتی اور احتساب سے بچنے کا ڈرامہ کر رہے تھے۔