میاں اسلم اقبال کا مہنگائی کی خبروں کا نوٹس، مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ حکام دفاتر سے نکل کر مارکیٹوں میں جائیں منافع کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اشیاء ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور معیار پر کڑی نظر رکھی جائے، صوبائی وزیر کی ہدایت

میاں اسلم اقبال کا مہنگائی کی خبروں کا نوٹس، مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ہے کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کسی صورت برداشت نہیں، صوبائی وزیر نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دیا ہے اور کہا کہ منافع کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے ذریعے عام آدمی کی مشکلات بڑھانے والے باز آجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خور انسانیت کے دشمن ہیں اور انکی جگہ جیل ہے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ حکام دفاتر سے نکل کر مارکیٹوں میں جائیں،اشیاء ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور معیار پر کڑی نظر رکھی جائے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کرنا ہے۔ اس میں غفلت اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو سستے داموں اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لئے صوبے بھر میں سہولت بازار قائم کئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں قائم 32ماڈل بازار بھی عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی مافیا کی لوٹ مار سے بچانے کیلئے متعلقہ ادارے متحرک ہو کر کام کریں۔