لیبر ڈیپارٹمنٹ کی قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی

لیبر کالونی ڈیفنس میں مزید 14 فلیٹس ناجائز قابضین سے واگزار کروا کر اصل الاٹیز کے حوالے قبضہ مافیا کیخلاف بغیر کسی دباؤ کے آپریشن جاری رہے گا: عنصر مجید خان

لیبر ڈیپارٹمنٹ کی قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی

لاہور :صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان کی ہدایت پر لیبر ڈیپارٹمنٹ نے کاروائی کرتے ہوئے لیبر کالونی ڈیفنس میں مزید 14 فلیٹس ناجائز قابضین سے واگزار کروا کر اصل الاٹیز کے حوالے کئے۔ ڈائریکٹر لیبر ضیغم عباس کی سربراہی میں محکمہ لیبر نے علاقہ پولیس کے تعاون سے کاروائی کی۔ فلیٹس واگذار کروانے کے دوران قابضین کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نے کاروائی میں شامل لیبر افسران و پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ لیبر مزدوروں کے حقوق کا محافظ ہے۔ قبضہ مافیا کیخلاف بغیر کسی دباؤ کے آپریشن جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کے ساتھ سسٹم کو آٹومیشن پر شفٹ کر رہے ہیں اورلیبر کالونیز اور الاٹیز کا مکمل ریکارڈ کمپیوٹر آئزڈ کیا جا رہا ہے۔ ریکارڈ کمپیوٹر آئزڈ کرنے سے الاٹمنٹ کے ریکارڈ میں ردوبدل نہیں کی جا سکے گی اورقانون کے مطابق فلیٹس میں اصل الاٹی ہی رہائش اختیار کر سکے گا۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی لیبر کو مافیا کے خلاف مزید تیز کاروائی کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے آٹو میشن پروگرام کے تحت جاری منصوبہ جات کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ قبضہ مافیا کا راستہ ہمیشہ کے لئے بند کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ شیخوپورہ میں 204 ایکٹ قیمتی اراضی بھی واگزار کروائی گئی ہے۔