خواجہ سراءکمیونٹی کا ایک روزہ میڈیا سینسی ٹائزیشن ٹریننگ پروگرا م

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی خصوصی شرکت ٹرانسجنڈر کمیونٹی ایکٹ پنجاب 2020 کا مسودہ حتمی مراحل میں پہنچ چکا ہے تحریک انصاف کے دور حکومت میں خواجہ سراءکمیونٹی کے لئے بے شمار اقدامات کیئے گئے ہیں

خواجہ سراءکمیونٹی کا ایک روزہ میڈیا سینسی ٹائزیشن ٹریننگ پروگرا م

لاہور: خواجہ سراءکمیونٹی ( کے ایس ایس) کی جانب سے لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں میڈیا سینسی ٹائزیشن ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تربیتی اجلاس میں میڈیا، کمیونٹی، سول تنظیم وغیرہ کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ ڈائریکٹر پروگرام کے ایس ایس ماہ نور چوہدری نے تمام شرکا ءکا خیرمقدم کیا اور ٹریننگ پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے خواجہ سراءبرادری کو درپیش مسائل بارے بیان کیا جبکہ کمیونٹی نمائندگان کی جانب سے صوبہ بھر میں خواجہ سراءکمیونٹی پر تشدد کی روک تھام اور صوبائی سطح پر قانون سازی پر زور دیا گیا۔

کمیونٹی نمائندگان نے بالخصوص تشدد وغیرہ کے بڑھتی شکایات کے ازالے کے لئے اپیل کی کہ اسطرح کی کارروائیوں کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے خواجہ سراءکمیونٹی کے تحفظ کےلئے قانون سازی اور پنجاب میں ٹرانسجینڈر برادری کے معاشرتی حقوق کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کیئے جا رہے ہیں جبکہ ٹرانس جینڈر شہریوں کو صحت، وراثت اور روزگار کا حق حاصل ہے تاہم 2018 میں پی ٹی آئی کی طرف سے خیبر پختونخوا میں تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹرانسجینڈر برادری کے حقوق کے تحفظ کا قانون پاس کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سراءبرادری کے تحفظ کے حوالے سے حکومت پنجاب بہت جلدتمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد پنجاب اسمبلی میں ڈرافٹ کو پیش کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ محکمہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ہر برادری سے منسلک ورکنگ گروپ تشکیل د یئے جا رہے ہیں کیونکہ معاشرے میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کے ساتھ پر ہر برادری کے حقوق کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ٹرانس جینڈر برادری کواحساس پروگرام کے تحت امداد فراہم کی گئی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی ہوئی ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں خواجہ سراءنایاب علی پر نامعلوم افراد کیجانب سے حملہ کی مذمت کی اور یقین دلایا کہ اس جرم میں ملوث افراد بہت جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے اور ان کوقرار واقعی سزا دلوائی جائیگی تاکہ زیادتی کا ازالہ ہوسکے۔صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ راولپنڈی پولیس میں خواجہ سراءبرادری کے معاملات کو احسن طریقے سے حل کرنے کے لئے انہی کی برادری سے ایک پولیس آفیسر مقرر کیا جا چکا ہے جبکہ اس طرح کے اقدامات باقی اضلاع میں بھی کیے جائیں گے۔ سیشن کے اختتام پر خواجہ سراءکمیونٹی کی جانب سے نایاب علی پر حملہ کے خلاف ایک مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مستقبل میں اسطرح کے واقعات کی روک تھام کے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔