صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کا بہاولپور اور ملتان کا دورہ 

 ممبر نیشنل کمیشن چائلڈ رائٹس روبینہ فیروز اور ترجمان پنجاب حکومت سمیرا ملک بھی ہمراہ تھیں 

صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کا بہاولپور اور ملتان کا دورہ 

لاہور :.صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی کے ممبران انسانی حقوق کے تحفظ میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور انسانی حقوق کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایت بالخصوص خواتین، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے امتیازی سلوک کا خاتمہ ہو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے واقعات رونما نہ ہوں کیونکہ ہم سب نے ملک کر انسانی حقوق کے تحفظ اور باہمی رواداری کو قائم رکھنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز ممبر نیشنل کمیشن چائلڈ رائٹس روبینہ فیرو ز بھٹی کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر ترجمان حکومت پنجاب سمیرا ملک، ڈائریکٹر ہیومن رائٹس پنجاب محمد یوسف اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو بہاولپور کا معائنہ بھی کیا جدھر انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں بچوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ادارہ میں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نوشابہ ملک نے ادار ہ کی کارکردگی اور بچوں کو دی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ملتان میں ڈپٹی کمشنر آفس میں متعلقہ افسران کے ساتھ ضلع بھر میں مذہبی اقلیتوں کے مسائل بارے ملاقات کی۔اس موقع پرصوبائی وزیر نے کہاکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائی جا رہی ہے تاہم خواہاں ہیں کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر مذہبی اقلیتوں کو ہر ادارے میں برابری کے موقع فراہم کیے جائیں بعد ازاں صوبائی وزیر نے ملتان نشتر ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کو دیجانیوالی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔