محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کا جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے احسن اقدام

30 کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع راجن پور میں 34 مویشی  ڈسپنسریوں اور ٹرائیبل ایریا کے لیے  5 موبائل ڈسپنسریوں کے منصوبے پہ کام جاری

محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کا جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے احسن اقدام

لاہور: محکمہ لائیو سٹاک پنجاب پسماندہ علاقے کے مویشی پال حضرات کی سہولت کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس ضمن میں ضلع راجن پور میں یونین کونسل کی سطح پر 34مویشی ڈسپنسریاں اور ٹرائیبل ایریا کے لیے 5 موبائل ڈسپنسریاں کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ یہ بات سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ساؤتھ آفتاب پیرزادہ نے بہاؤلپور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک جنوبی پنجاب منصور احمد اور سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 انہوں نے مذید کہا کہ اس منصوبے  پر 30کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔ اس منصوبہ کے تحت تحصیل جام پور میں 12, تحصیل راجن پور میں 14 اور تحصیل روجھان میں 08 سول ویٹرنری ڈسپنسریاں زیر تعمیر ہیں۔ ان ڈسپنسریوں کے لیے مختلف پوسٹوں پر بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔ جن میں ویٹرنری آفیسرز، ویٹرنری اسسٹنٹس، ٹیکنیشنزاور دیگر متعلقہ عملہ شامل ہے۔ یونین کونسل کی سطح پر ڈسپنسریوں کے قیام سے مویشی پال حضرات کو نہ صرف اپنے گھر کی دہلیز پر علاج معالجہ کی مفت سہولت حاصل ہو گی بلکہ روز گار کے مواقع بھی پیداہوں گے۔