لاہور کے جلسے نے نام نہاد اپوزیشن کا دھڑن تختہ کردیا:اعجاز عالم آگسٹین

کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں اور عمران خان کی قیادت میں آگے بڑھتے رہیں۔ صوبائی وزیر انسانی حقوق

لاہور کے جلسے نے نام نہاد اپوزیشن کا دھڑن تختہ کردیا:اعجاز عالم آگسٹین

لاہور: صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ گزشتہ روز اہلیان لاہور نے نام نہاد اپوزیشن کا دھڑن تختہ کردیا اور 11جماعتوں کا اکٹھ بھی اکیلی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتا کیونکہ عوام جانتی ہے کہ عمران خان ہی وہ لیڈر ہے جو قوم کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوحنا آباد میں رہنے والے تمام مسیحی جانتے ہیں کہ مریم نواز اسی باپ کی بیٹی ہے،جس نے یوحنا آباد کے 42بے گناہ لوگوں کو قیدکروایا تھاجبکہ یوحنا آباد شہباز شریف کا حلقہ تھا مگر اپنے دور اقتدار میں ایک پائی کا بھی کام نہیں کرواسکتے بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خصوصی دلچسپی کے باعث یوحنا آباد کو 30کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل ویلیج بنایاجا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرنے یوحنا آباد سے منسلک تحریک انصاف کے کارکنان سے انسانی حقوق کے کیمپ آفس میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں اور عمران خان کی قیادت پر یقین رکھتے ہوئے آگے بڑھتے رہیں، جلسے میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو چھوٹا یا جھوٹا کہنا اور پھر مودی کے بیان سے ملانا درحقیقت مودی کی ترجمانی کے سوا کچھ نہیں کیونکہ پاکستانی عوام جانتی ہے کہ صحیح معنوں میں کشمیر کی ترجمانی کون کر رہا ہے اور کون عوام کی خدمت کو اپنا ایجنڈا سمجھتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ پاکستانی عوام جانتی ہے کہ مسٹر ٹین پرسنٹ کس کا تخلص ہے اور کس پر کرپشن کے کیسز ہیں جبکہ عمران خان کی ذات پر انگلیاں اٹھانے والے تحریک انصاف کے اڑھائی سالہ حکومتی دور میں کو ئی ایک بھی کرپشن کا اسکینڈل سامنے لائیں تو بات کیجائے۔انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ ایک ایسا خواب ہے جو صرف عمران خان کے دور اقتدار میں ہی دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ عوام تمام جھوٹے لیڈروں کو کئی بارآزما چکی ہے اور یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ پاکستان مشکل سفر سے گزر چکا ہے، اب وہ وقت بہت نزدیک ہے جب پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا اور عوام اسکے ثمرات واضح طور پر محسوس کر سکیں گے۔