پنجاب حکومت لاہور میں 100کنال اراضی پرجدید بس ٹرمینل قائم کرے گی

پنجاب حکومت عوام کو معیاری، سستی اور باوقار سفری سہولتوں کی فراہمی پر خطیر وسائل صرف کر رہی ہے ماحول دوست الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں کمی واقع ہوگی، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی

پنجاب حکومت لاہور میں 100کنال اراضی پرجدید بس ٹرمینل قائم کرے گی

لاہور:صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری، سستی اور باوقار سفری سہولتوں کی فراہمی پر خطیر وسائل صرف کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں اپنے آفس میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ پر100کنال اراضی پر3ارب روپے کی لاگت سے بین الاقوامی معیار کاجدید ترین بس ٹرمینل بنارہی ہے۔

جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق لاہور میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پہلے مرحلے میں 50 الیکٹرک بسیں لاہور کے مختلف روٹس پرچلائی جائیں گی۔ لاہور کے بعد ان بسوں کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا اور اس منصوبے میں کسی قسم کی سبسڈی نہیں دینا پڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں کمی واقع ہوگی۔