لاہور کے کئی علاقوں کو کل رات بارہ بجے کے بعد بند کردیا جائے گا: یاسمین راشد

شاہدرہ، شادباغ، ہربرنس پورہ کے علاقے سمیت والڈ سٹی کو بند کر رہے ہیں جبکہ گلبرگ کے کچھ علاقے، نشترٹاون، علامہ اقبال ٹاون میں کچھ سوسائٹی اور  مزنگ کے علاقوں  کو بھی بند کردیاجائے گا

لاہور کے کئی علاقوں کو کل رات بارہ بجے کے بعد بند کردیا جائے گا: یاسمین راشد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کل رات بارہ بجے کے بعد لاہور کے کئی علاقوں کو کم از کم دو ہفتوں کیلئے بند کر دیا جائے گا۔ یاسمین راشد نے اپنی پریس کانفرس میں بتایا کہ شاہدرہ، شادباغ، ہربرنس پورہ کے علاقے سمیت والڈ سٹی کو بند کر رہے ہیں جبکہ گلبرگ کے کچھ علاقے، نشترٹاون، علامہ اقبال ٹاون میں کچھ سوسائٹی اور  مزنگ کے علاقوں  کو بھی بند کردیاجائے گا۔

ان علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور فارمیسی کھلی رہیں گی، کم سے کم ان علاقوں کو دو ہفتے کیلئے بند کیا جائےگا، صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ لاہور کے متعدد علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا، لاہور کے دیگر علاقوں کی بھی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کے علاج معالجہ کے لیے ہر طرح سے سہولت مہیا کر رہے ہیں، لاہور کے متعدد علاقوں میں کورونا متاثرین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

جوہر ٹاون کے علاقے میں 388 کورونا مریض ہیں جبکہ واپڈا ٹاؤن کے علاقوں میں 200 سے زائد کیسز ہے۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عوام ایس او پیز پرعمل کریں تاکہ کورونا کا پھیلاؤ روکا جاسکے، صرف ماسک کے استعمال سے پچاس فیصد تک وبا کے پھیلاؤ کو کو روکاجا سکتا ہے۔