اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے ہدایات جاری ، وزیر اعظم

 ملک میں کورونا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریز کام کررہی ہیں ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں:

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے ہدایات جاری ، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ کو موثرطریقے سے روکا جاسکتا ہے، کورونا پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم ہے، عوامی قیادت اپنے علاقوں میں اسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لے، صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیرِاعظم کی زیرصدارت کورونا کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال، آئندہ دنوں کےتخمینوں اورصورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور، مختلف صوبوں میں کورونا مریضوں کیلئے موجود بیڈز، آکسیجن، وینٹی لیٹرز اورسہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔

 ملک میں کورونا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریز کام کررہی ہیں ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، ملک میں 4800 وینٹی لیٹرز موجود ہیں، شروع میں ان کی کل تعداد 700 تھی، ملک میں مزید 1600 وینٹی لیٹرز کا بہت جلد اضافہ ہوجائے گا۔ ملک میں این-95 ماسک اور وینٹی لیٹرز مقامی طور پر تیار کیے جا رہے ہیں، جولائی تک تمام صوبوں کے مختلف اسپتالوں میں 2 ہزار کورونا بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کورونا حفاظتی لباس اور پروٹیکٹو کٹس کی ضروریات پوری ہونے پر اظہار اطمینان کیا۔

عمران خان نے کہا کہ آئندہ مشکل دنوں کیلئے حفاظتی اقدامات، معاشی سرگرمیوں میں توازن کیلئے اقدامات کیےجائیں۔ کورونا مریضوں کیلئے بعض ادویات اور انجیکشنز کی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ چئیرمین این ڈی ایم اے مطلوبہ ادویات اور انجیکشن کی باآسانی دستیابی یقینی بنائیں۔