سیالکوٹ میں 20 ارب روپے کی لاگت سے 5 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے،ہر ترقیاتی منصوبے پر علاقے کے معزز ٹیکس دہندہ کے نام کی تختی لگائی جارہی ہے، عثمان ڈار

سیالکوٹ میں 20 ارب روپے کی لاگت سے 5 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے،ہر ترقیاتی منصوبے پر علاقے کے معزز ٹیکس دہندہ کے نام کی تختی لگائی جارہی ہے، عثمان ڈار

اسلام آباد :وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈارنے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں 20 ارب روپے کی لاگت سے 5 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے،ہر ترقیاتی منصوبے پر علاقے کے معزز ٹیکس دہندہ کے نام کی تختی لگائی جارہی ہے۔منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کو ٹیکس دہندگان کے نام سے منسوب کرنے کی منفرد مہم جاری ہے۔

سیالکوٹ میں 14 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والا ایک اور منصوبہ ٹیکس پیئر کے نام ،کلین گرین سیالکوٹ کے تحت شہر کے جدید سیوریج سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا،سنگ بنیاد شہر کے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہری سے رکھوایا گیا،منصوبے پر سیاسی رہنماوں کی بجائے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے کا نام درج ہے۔

معاون خصوصی عثمان ڈار نے شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر اپنا نام نہ لکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ شہر میں 20 ارب روپے کی لاگت سے 5 میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی، سیوریج سسٹم، گرین پارکس، ٹریفک ری انجینئرنگ اور شہر کی ماسٹر پلاننگ پر کام ہو رہا ہے، ہر ترقیاتی منصوبے پر علاقے کے معزز ٹیکس پیئرز کے نام کی تختی لگا ئی جارہی ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک، وزیراعلی پنجاب اور وزیراعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں سیالکوٹ کے شہری ہر سال 10 ارب روپے کا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کروا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی جانب سے ترقیاتی منصوبے اپنے خاندان کے نام سے منسوب کرنے کی روایت ختم کر دی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسے سے اپنی ذاتی اور خاندانی سیاست کی تشہیر نہیں کروں گااب 20 ارب روپے کی لاگت سے جاری ہر پراجیکٹ پر عوام کے نام کی تختی ہوگی.