این ڈی ایم اے کااقوام متحدہ سٹریٹیجک کوآرڈینیشن فورم کے ساتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ کا انعقاد

این ڈی ایم اے کااقوام متحدہ سٹریٹیجک کوآرڈینیشن فورم کے ساتھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ کا انعقاد

 اسلام آباد میں آفات سے نمٹنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سٹریٹیجک کوآرڈینیشن فورم کی گیارہویں میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کی مشترکہ صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ہلال امتیاز (ملٹری)اور اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر مسٹر جولین ہارنیس نے کی۔ میٹنگ کا مقصد آفات سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے علاوہ تمام متعلقہ اداروں کے مابین باہمی تعاون کو مزید موئثربنانا تھا۔ 

 میٹنگ کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے، چیئرمین این ڈی ایم اے نے آفات کے خطرات کے حوالے سے آگاہی اور تیاری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے مابین باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے ملک میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر عمل درآمد کر رہا ہے بشمول نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان پر نظرثانی/اپ ڈیٹ کرنا، تمام معاون اداروں کے مابین ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا، اور سیلاب کے خطرات کو کم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں کو نافذ العمل کرنا۔

اس موقع پرپاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے میٹنگ کے مقصد کو واضح کرتے ہوئے کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے نہایت منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور پاکستان کو پانی کے بحران کے حوالے سے مسائل کابھی سامنا ہے جو مستقبل میں مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کے مابین مفاہمتی دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے قومی سطح پرتجویز کردہ فرضی مشقوں کے انعقاد کے پلان کو سراہا۔

 میٹنگ میں شریک متعدد محکموں کے نمائندگان نے اپنے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری کو یقینی بنانے میں اداروں کے مابین معاونت کی اہمیت کو ضروری قراردیا۔ میٹنگ میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ڈائریکٹر جنرل، جی بی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات پاکستان، وزارت صحت،چیف ایگزیکٹوآفیسر این ڈی آر ایم ایف، ایگزیکٹو ڈائریکٹر گلوبل چینج امپیکٹ سٹیڈیز سینٹر (جی سی آئی ایس سی)، این ڈی ایم اے کے سینئر حکام اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے نمائندگان وکنٹری ڈائریکٹرزنے شرکت کی۔