ن لیگ حسبِ سابق حمزہ شہباز کی بیماری پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے: فیاض الحسن چوہان

ن لیگ کا حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اتفاق ہسپتال یا رائیونڈ محل شفٹ کرنے کا مطالبہ آئین اور قانون کے خلاف ہے: وزیرِ اطلاعات پنجاب

 ن لیگ حسبِ سابق حمزہ شہباز کی بیماری پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے: فیاض الحسن چوہان

لاہور : وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ کا حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اتفاق ہسپتال یا رائیونڈ محل شفٹ کرنے کا مطالبہ آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ ن لیگ حسبِ سابق حمزہ شہباز کی بیماری پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دوران حراست نواز شریف کی چھوٹے گوشت کی دو دو پلیٹوں اور من پسند میٹھے سے خدمت کی گئی تھی، ویسے ہی حمزہ شہباز کو بھی مکمل نگہداشت فراہم کی جائے گی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بزدار حکومت نے فوری طور پر جناح ہسپتال کے پروفیسر عباس رضا کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے جس میں اعلیٰ پائے کے ڈاکٹرز اور پروفیسرز کی جانب سے حمزہ شہباز کا مکمل طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں کسی سرکاری ہسپتال شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا جا ئیگا۔ مولانا فضل الرحمان کے بیان مولانا کہ ''اے پی سی طے کرے سارا حلوہ حکومت کھائے گی یا ہمیں حصہ دیا جا ئے گا'' پر ردعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دل کی بات، انکی منفی سوچ اور فکر بالآخر قوم کے سامنے آشکار ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا نے حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ کے مصداق عشروں ملکی خزانے کو حلوہ سمجھ کر لوٹا۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن یاد رکھے عمران خان نہ خود کرپشن کرتے ہیں، نہ کسی دوسرے کو کھانے دیتے ہیں۔ وہ ریاست کے خزانے کے امین ہیں، خیانت نہیں کریں گے۔