صوبائی حکومت مذہبی اقلیتوں کو در پیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے:اعجاز عالم آگسٹین 

 مذہبی اقلیتوں کی آبادیوں میں ترقیاتی منصبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار تیز کی گئی ہے:صوبائی وزیر اقلیتی امور

 صوبائی حکومت مذہبی اقلیتوں کو در پیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے:اعجاز عالم آگسٹین 

لاہور :  صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مذہبی اقلیتوں کو در پیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے جبکہ مسیحی آبادیوں میں ترقیاتی منصبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار تیز کی گئی ہے اور چرچز وغیرہ کی سکیورٹی اور تزئین و آرائش کا جامع پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مذہبی اقلیتی افراد کے لئے امدادی رقم 2کروڑ سے بڑھا کر 6کروڑ روپے کر دی ہے، جس سے اب ہر ضرورت مند کو 5ہزار روپے کی بجائے 10ہزار روپے فی کس دیئے جار ہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے تحصیل کونسل ہال ساہیوال میں مسیحی افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بابر بشیر کے علاوہ مذہبی اقلیتی نمائندوں اور تحریک انصاف کے مقامی رہنماءبھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے دوران خطاب کہاکہ وزیر اعظم عمران خان مذہبی اقلیتوں کو مکمل حقوق دینے،ان کو مذہبی آزادی فراہم کرنے اور مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جس کی بدولت کرسمس کو پہلی دفعہ سرکاری سطح پر منایا گیا،سکھ برادری کے لئے کرتار پور گوردوارہ کھولا گیا اور اب اسی طرز پر مریم آباد کی زیارت گاہ کو بھی کھولا جا رہا ہے تاکہ بیرونی ممالک سے مسیحی افراد اس کی زیارت کر سکیں ۔

صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسیٹن نے کہا کہ ضلع ساہیوال کے 171مسیحی افراد کو 10ہزار روپے فی کس کے چیک دیئے جا رہے ہیں ،جن میں 111کا تعلق ساہیوال اور 60کا تعلق تحصیل چیچہ وطنی سے ہے ۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ ضلع بھر کے چرچز کی سکیورٹی بہتر بنانے اور تزئین و آرائش کے لئے 4کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز جار ی کر دیئے گئے ہیں جن پر کام کا جلد آغاز ہو گا جبکہ صوبائی حکومت کی دلچسپی سے صوبے کی بڑی مسیحی آبادیوں کو ماڈل آبادیاں بنایا جا رہا ہے جہاں زندگی کی تمام شہری سہولیات دستیاب ہونگی اور پہلے مرحلے میں لاہور کی بڑی مسیحی آبادی یوحنا آباد میں 30کروڑ روپے سے ترقیاتی کام جاری ہیں ۔

انہو ں نے مسیحی برادری کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کے مسائل سنجیدگی سے حل کر رہی ہے اور ان کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچائے جا رہے ہیں ،بعد ازاں صوبائی وزیر نے مستحقین میں امداد ی چیک بھی تقسیم کئے ۔