کورونا وائرس: پاکستان انگلینڈ سیریز خدشات کا شکار

پاکستان انگلینڈ سیریز کے حوالے سے دونوں بورڈز مکمل رابطے میں ہیں، امکان ہے کہ اگلے ماہ تک سیریز کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ ہو جائے گا

کورونا وائرس: پاکستان انگلینڈ سیریز خدشات کا شکار

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والی سیریز کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز کسی تیسرے ملک میں کھیلنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ دونوں کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز 30 جولائی سے شروع ہونا ہے موجودہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث سیریز خدشات کا شکار ہے۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے جولائی اگست کی سیریز ویسٹ انڈیز میں کھیلنے کے لیے کوئی تجویز نہیں دی، پاکستان انگلینڈ سیریز کے حوالے سے دونوں بورڈز مکمل رابطے میں ہیں، امکان ہے کہ اگلے ماہ تک سیریز کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ ہو جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسرے ملک جا کر کھیلنے سے بھی احتیاطی تدابیر برقرار رکھنا ممکن نہیں، کیونکہ اس وقت کوئی ملک عالمی وبا سے محفوظ نہیں، جبکہ کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ بھی نہیں ہوا۔ پاکستان ٹیم کو جولائی میں نیدرلینڈز اور آئرلینڈ میں بھی سیریز کھیلنا ہیں، گرین شرٹس کا دونوں ممالک کا دورہ بھی ملتوی ہونے کا قوی امکان ہے۔ پاکستان سے قبل آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ میں سیریز کھیلنا ہیں یہ دونوں سیریز بھی ملتوی کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔