الیکشن کمیشن کو صادق اورامین بنایا جائے،جہانگیر اشرف وینس

الیکشن کمیشن آف پاکستان آمروں کے مفادات کی نگہبانی کرتا ہے، صدر ڈیمو کریٹک پارٹی

الیکشن کمیشن کو صادق اورامین بنایا جائے،جہانگیر اشرف وینس

لاہور: ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر جہانگیر اشرف وینس نے ووٹوں کی خریدوفروخت اور الیکشن میں دھاندلی کا ذمہ دار الیکشن کمیشن آف پاکستان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آج تک اپنے آپ کو خود مختار ادارہ نہیں سمجھا جبکہ اپنے فرائض ایمانداری کے ساتھ سر انجام دینے کی بجائے آمروں کے مفادات کی نگہبانی کرتا ہے،اگر الیکشن کمیشن اپنے فرائض پوری دیانتداری سے سرانجام دیتا تو آج سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریدو فروختکا شور نہ اُٹھتا۔ گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر جہانگیر اشرف وینس نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریدو فروخت روکنے کیلئے قومی وصوبائی اسمبلیوں سے پہلے الیکشن کمیشن کو صادق وامین بنایا جائے،کیونکہ جنرل انتخابات کے اخراجات کی ایک حد مقرر ہوتی ہے لیکن اُمیدوار اس سے کہیں زیادہ اخراجات کرتے ہیں ،بدقسمتی سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آج تک کسی اُمیدوار کو زیادہ اخراجات کرنے پر نااہل کرنا تو دور کی بات ہے نوٹس تک نہیں دیا جس کے سبب عام آدمی الیکشن لڑنے کے قابل نہیں رہا ،حالانکہ سب ممبران اخراجات کے گوشوارے بھی جمع کراتے ہیں لیکن اس پر کھبی نوٹس نہیں لیا گیا۔