لاہور: ضلعی محکمہ انہار رحیم یار خان کی جانب سے پانی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ایکسین انہار یاسر منیر کی ہدایت پر نہری پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف ترنڈہ ڈسٹری بیوٹری اور تلہ ڈسٹری بیوٹری پر پانی چوری میں ملوث کاشتکاروں کے 3 موگے سیل کر دیئے گئے جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ایس ای انہار یاسر منیر نے کہا کہ محکمہ آبپاشی ضلع بھر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے اور نہری پانی چوری کرکے کاشتکاروں کا استحصال کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہوں پانی چوری میں ملوث پایا گیا تو قانونی کارروائی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیل کے کاشتکاروں سمیت نہری پانی استعمال کرنے والے تمام کاشتکاروں کو محکمانہ تقسیم کے تحت پانی کی فراہمی ہمار ی ذمہ داری ہے جسے ہر صور ت پور ا کیا جائے گا۔انہوں نے کاشتکاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ پانی چوری جیسے جرم میں ملوث نہ ہوں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو پانی چوری کرکے دیگر کاشتکاروں کا استحصال کر رہے ہیں۔