صبح کو بہترین بنانے کے 10 طریقے

صبح کو بہترین بنانے کے 10 طریقے

صبح کا آغاز بہتر ہو تو سارا دن بہترین گزرتا ہے، اگر صبح ہی سُست ہو تو ذہن کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے، باقی دن روٹین کے کام کرنے میں بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اکثر اوقات صبح کا آغاز کیفین مشروبات جیسے چائے اور کافی سے کیا جاتا ہے تا کہ نیند اور غنودگی کو ختم کر کے ذہن کو چاق و چوبند بنایا جا سکے جبکہ ماہرین کے مطابق صبح کے اوقات میں نہار منہ کیفین کا استعمال مضر صحت ہے۔

 

صبح نیند سے بیداری کے بعد آنے والے دن کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیے جس میں ذہن سازی کے ساتھ روز مرہ زندگی کے کچھ معاملات میں تبدیلی لانا لازمی ہے۔ ماہرین کی جانب سے مندرجہ ذیل تجاویز پر عمل کر کے اپنی صبح کو بہتر اور چاق و چوبند بنایا جا سکتا ہے۔ اپنی صبح کا آغاز یوگا یا ورزش سے کرنا چاہیے، دفتر جانے اور ناشتے سے آدھا گھنٹہ قبل جا گ جائیں اور اس دوران ورزش یا یوگا کریں، اس کے بعد ناشتہ کریں اور پھر دفتر جائیں، اس طرح دن کی شروعات متحرک ہوگی اور سارا دن بھی بہتر گزرے گا۔

صبح کے اوقات میں موبائل فون یا لیپ ٹاپ کے استعمال سے گریز کریں۔ دفتر کی تیاری کے دوران اپنے پسند کا میوزک بھی سنا جا سکتا ہے، اس طرح ذہن کی کارکردگی بہتر اور موڈ خوشگوار ہو جاتا ہے۔ صبح بہتر بنانے کے لیے رات میں کم از کم 8 گھنٹوں کی نیند ضرور لیں، کم سونے سے ذہن سکڑنے کے سبب مجموعی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اکثر جس چیز سے متعلق جتنا سوچا جائے وہ اتنی زیادہ ہی تکلیف دینے لگ جاتے ہیں، دن کے آغاز میں منفی لوگوں کی یاد کے بجائے مثبت اور پسندیدہ لوگوں کے بارے میں سوچیں، منفی یا دفتر میں سیاست کرنے والے افراد کو روزانہ رات سونے سے قبل معاف کر کے سوئیں اور صبح دفتر جانے سے قبل مثبت سوچیں منفی افراد کا ذہن سے خیال جھٹک دیں۔

ہر چیز انسان کے بس کی بات نہیں ہوتی ، جو چیزیں یا کام بس سے باہر ہیں اُن سے متعلق سوچ کر خود کو ہلکان کرنے سے گریز کریں اور زیادہ سوچنا یعنی ’ اوور تھنکنگ‘ سے گریز کریں۔ خود سے جوابات سوچنے کے بجائے پریشان کرنے والی باتوں پر بات چیت کریں، خود سے جوابات ڈھونڈ لینا اور اوور تھنکنگ ہر صورت میں ذہنی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے۔ خود کو بدلنے کی کوشش نہ کریں، کسی کے جیسا بننے کی کوشش میں خود کو ہلکان کرنے کے بجائے جو خود ہیں اُس پر فخر کریں اور مطمئن رہیں۔

کوشش کریں خود کو مثبت لوگوں کے درمیان رکھیں، ایک سے دو گھنٹے منفی لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کے نتیجے پورا ہفتہ ذہنی پریشانی اور بوجھ میں گزرتا ہے، منفی دوستوں سے جتنا جلدی ہو سکے جان چھڑائیں۔ ہر دن کے اختتام پر ڈائری ضرور لکھیں، ڈائری لکھنے کے نتیجے میں ہر آنے والا دن گزرنے والے دن کے نتیجے میں بہتر اور مثبت گزرتا ہے۔