صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کا وزیرآباد چرچ کا دورہ

صوبائی وزیر کی ڈسٹرکٹ ممبر ہیومن رائٹس اور سماجی کارکنان سے بھی ملاقات صوبائی وزیر کی مستحق مذہبی اقلیتی برادری میں امدادی چیک کی تقسیم

صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کا وزیرآباد چرچ کا دورہ

لاہور: صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے گزشتہ روز وزیر آباد میں قائم ڈیوڈ میموریل چرچ کا دورہ کیا اور پادری صاحبان سے ملاقات کے دوران گرجا گھر سے متعلقہ معاملات بارے تفصیلی گفتگو کی اور درپیش مسائل بارے جانا۔اس موقع پر ضلعی کونسلر ڈسٹرکٹ ممبر ہیومن رائٹس نعیم بھٹی اور دیگر سماجی کارکنان بھی موجود تھے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے گوجرانوالہ میں لالہ اسد اللہ پاپا کے ڈیرے پر ڈسٹرکٹ ممبر انسانی حقوق سدرہ شہباز کی سربراہی میں اقلیتی برادری کے مختلف نمائندگان سے ملاقات کی ۔ صوبائی وزیر نے کورونا وائرس کی بناءپر مختلف مسائل کی شکار مذہبی اقلیتی برادری کے لوگوں میں راشن کی تقسیم کے ساتھ امدادی چیک بھی تقسیم کئے جبکہ اس موقع پر اقلیتی برادری سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پاکستان بھر میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتوں کو برابری کے حقوق فراہم کیئے جا رہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے مذہبی اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دینے کے ساتھ حقوق کے تحفظ کےلئے موثر اقدامات یقینی بنائے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش اور گلی محلوں وغیرہ میں تعمیر و مرمت کے لئے خصوصی فنڈز کا اجراءممکن بنایا گیا ہے جبکہ مذہبی اقلیتوں کے طالبعلوں کے لئے اسکالرشپ کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کے ساتھ اعلیٰ سطح کی یونیورسٹیوں میں کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں تمام تر مسالک کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں تاکہ آپس میں پیار و محبت کو فروغ دیا جاسکے اور نئے پاکستان میں تمام لوگو ں کو برابری کے حقوق فراہم کر رہے ہیں تاکہ مذہبی اقلیتوں میں ماضی میں جنم لینے والے احساس محرومی کو ہمیشہ کےلئے ختم کیا جاسکے۔