قانون سازی کے حوالے سے یہ ایک بھرپور اجلاس ہوگا : راجہ بشارت

جس میں  راوی ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس، پنجاب کی غیر ضروری کوآپریٹوز سوسائیٹیز بل اور پنجاب کوآپریٹوز کا ترمیمی بل پیش کیا جائے گا: صوبائی وزیر قانون،پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر

 قانون سازی کے حوالے سے یہ ایک بھرپور اجلاس ہوگا : راجہ بشارت

لاہور:صوبائی وزیر قانون،پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے پنجاب اسمبلی کے بدھ سے شروع ہونے والے اجلاس کے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سازی کے حوالے سے یہ ایک بھرپور اجلاس ہوگا جس میں  راوی ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس، پنجاب کی غیر ضروری کوآپریٹوز سوسائیٹیز بل اور پنجاب کوآپریٹوز کا ترمیمی بل پیش کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایات کے مطابق اجلاس کے دوران کورونا ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا.

انہوں نے کہا کہ چند دیگر اہم بل بھی اسمبلی سے منظور کرنے کی استدعا کی جائے گی جبکہ کچھ عمومی نوعیت کی قراردادیں اور کچھ تحاریک استحقاق بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں. راجہ بشارت نے کہا کہ اس اجلاس میں پرائیویٹ ممبرز ڈے بھی مختص کیا جائے گا جو بجٹ اجلاس میں نہیں رکھا جا سکا تھا. انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اپوزیشن سابقہ روایت سے ہٹ کر مفاد عامہ کے لیے قانون سازی کے عمل میں بھرپور حصہ لے گی. انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اراکین  کوچاہیے کہ وہ عوامی مفادات کو اپنے ذاتی اور قائدین کے مفادات پر ترجیح دیں اور صحیح معنوں میں ووٹ کو عزت دیں کیونکہ عوام نے انہیں اسی مقصد کے لیے منتخب کر کے ایوان میں بھیجا ہے۔