میاں اسلم اقبال سے صدر ٹریڈرز ونگ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں وفد کی ملاقات

کورونا وبا کے باعث تاجروں کو درپیش مسائل پر بات چیت , تاجروں کے وفد کی مارکیٹوں کے اوقات کار رات8بجے تک کرنے اور ہفتہ کو مارکیٹیں کھولنے کی تجویز

میاں اسلم اقبال سے صدر ٹریڈرز ونگ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں وفد کی ملاقات

لاہور :صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے صدر ٹریڈرز ونگ پاکستان تحریک انصاف حاجی طاہر نوید کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں ہونے والے ملاقات میں کورونا وباء کے باعث تاجروں کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران تاجروں کے وفد نے مارکیٹوں کے اوقات کار رات8بجے تک کرنے اورہفتہ کو مارکیٹیں کھولنے کی تجویز دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے فروغ میں تاجروں کا کلیدی کردار ہے، تاجروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبا نے کاروباری سرگرمیوں سمیت ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔

مارکیٹوں کے اوقات کار بڑھانے اور ہفتہ کے روز مارکیٹیں کھولنے کا معاملہ این سی اوسی کے اجلاس میں رکھوں گا۔ تمام فیصلے معاشی وطبی ماہرین کی مشاورت سے کئے جارھے ہیں۔ کرونا وبا کی صورت حال میں بہتری آئی ہے تاہم احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑ سکتے۔ کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی اور نیا کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان قرضوں کا بڑا پروگرام لارہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کاکورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی ھے۔امید ہے آنے والے دنوں میں کورونا کی صورت حال میں مزید بہتری آئے گی۔