پاکستان میں 38 ہزار  کورونا کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد 10 ہزار  ہوگئی

26 فروری 2020 ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس تجارتی حب کراچی میں سامنے آیا۔ جس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے کیسز بڑھتے رہے اور اپریل کے آخر تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے جبکہ 385 جانبر نہ ہوسکے

پاکستان میں 38 ہزار  کورونا کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد 10 ہزار  ہوگئی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آسکی اور اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 38 ہزار 512 ہوگئی ہے جبکہ 823 افراد ایسے بھی ہیں جو انتقال کرچکے ہیں۔ دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے مہلک کورونا وائرس کا آغاز گزشتہ سال کے آخری ماہ میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے ہوا تھا۔ چین سے شروع ہونے والا یہ وائرس اب تقریباً پوری دنیا میں ہی پھیل چکا ہے اور اس سے اب تک دنیا بھر میں 45 لاکھ سے زائد لوگ متاثر جبکہ 3 لاکھ سے زیادہ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ پاکستان میں بھی یہ وائرس اگرچہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت دیر سے آیا تاہم اس وائرس کو ملک میں ڈھائی ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

26 فروری 2020 ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس تجارتی حب کراچی میں سامنے آیا۔ جس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے کیسز بڑھتے رہے اور اپریل کے آخر تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے جبکہ 385 جانبر نہ ہوسکے۔ تاہم ماہ مئی کا آغاز وائرس کے کیسز میں اضافے کی ایک نئی لہر کے ساتھ ہوا اور صرف نصف مئی یعنی 15 روز کے اندر کیسز کی تعداد میں 21 ہزار سے زائد نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ 438 اموات بھی اسی دوران ہوئیں۔ آج (16 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا کے مصدقہ کیسز سامنے آئے جبکہ اسی دوران صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی۔