پنجاب حکومت اورمختلف کمپنیوں کے مابین میٹرو بس سروس کی بہتری کیلئے تعاون کی دو مفاہمتی دو یادداشتوں پر دستخط

 پنجاب حکومت اورمختلف کمپنیوں کے مابین طے پانے والے معاہدے خوش آئند ہیں جس سے میٹرو بس سروس کا نظام بہترہو گا:جہانزیب کھچی

پنجاب حکومت اورمختلف کمپنیوں کے مابین میٹرو بس سروس کی بہتری کیلئے تعاون کی دو مفاہمتی دو یادداشتوں پر دستخط

لاہور: پنجاب حکومت اور مختلف کمپنیوں کے مابین آج نیو منسٹر بلاک کے کمیٹی روم میں مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔پہلی مفاہمتی یادداشت ویڈااینڈ ایمیزا کمپنی اور پنجاب حکومت کے مابین ہوئی جس پر ویڈاکمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرمحمد میکائل خان جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم نے دستخط کئے۔ مفاہمت کی اس یادداشت کے تحت نجی کمپنی اور پنجاب حکومت کے مابین لاہور میٹرو بس کی پریکیورمنٹ، آپریشنز اور دیکھ بھال سے متعلق امور نمٹائے جائیں گے۔

مفاہمت کی دوسری یادداشت پنجاب حکومت اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور جی سی ایس پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین ہوئی جس پر  جنرل مینجر مارکیٹینگ اینڈ سیلزسید عامر جاویداور مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم نے دستخط کئے۔اس معاہدے کی رو سے لاہورمیٹرو بس سروس کی ٹکٹنگ اور خودکار نظام کے تحت کرائے کی وصولی سے متعلق معاملات نمٹائے جائیں گے۔  اس موقع پرصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ پنجاب حکومت اورمختلف کمپنیوں کے مابین طے پانے والے معاہدے خوش آئند ہیں جس سے میٹرو بس سروس کے نظام میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔صوبائی وزیرجہانزیب کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی شفافیت پر مبنی پالیسی اور اصلاحات کی بدولت قومی خزانے کوکروڑوں روپے کا فائدہ ہوا ہے اور پنجاب حکومت نے لاہور میٹرو بس سسٹم کو آپریٹ کرنے کی بولی میں اربوں روپے کی بچت سے نئی مثال قائم کی ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ میٹرو بس سسٹم کو آپریٹ کرنے کی بولی سابقہ دور کی نسبت20فیصد کم رہی جس سے قومی خزانے کو3سو کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی فلاح کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا ہے اور اس مقصد کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ٹرانسپور ٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔تقریب میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ شہریار سلطان، مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم،جنرل مینجر(آپریشنز) پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری(پلاننگ) ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ محمد ذولقرنین، پراجیکٹ ڈائریکٹرٹرانسپورٹ پلاننگ یونٹ ڈاکٹر وسیم اکرم اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔