3 سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کارکن منتخب ہونا بلاشبہ سچ کی فتح ہے:صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین  

تحریک انصاف کی حکومت میں تمام مذہبی اقلیتیں مکمل طور پرآزاد زندگی گزار رہی ہیں: صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق

  3 سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کارکن منتخب ہونا بلاشبہ سچ کی فتح ہے:صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین  

لاہور : صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے پاکستان کو آئندہ 3 سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کارکن منتخب ہو نے کو تحریک انصاف کی حکومت کا ایک روشن باب قرار دیتے ہوئے اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام پاکستانی عام کے لئے فخر کی بات ہے کہ پاکستان بھاری اکثریت سے آئندہ 3 سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کارکن منتخب ہوگیا ہے جبکہ پاکستان نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں 193 میں سے 169 ریکارڈ ووٹ حاصل کیئے۔

صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ پاکستان نے ایشیاء  پیسیفک ریجن میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جو کہ عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا واضح اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے آواز بلند کی جبکہ انسانی حقوق کونسل، اقوام متحدہ کا ایک انتہائی اہم فورم ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ اسی سال مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکی کمیشن کی سالانہ رپورٹ بھی جاری کی گئی تھی، جس میں بھارت کو پہلی مرتبہ اقلیتوں کیلئے خطرناک ملک قرار دیا گیا اور بھارت میں متنازعہ بھارتی شہریت بل کے اقدام کو بھی دنیا بھر میں نفرت کی نگاہ سے دیکھا گیا جبکہ امریکی کمیشن نے بھی بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2019 میں بھارت میں اقلیتوں پر حملوں میں اضافہ ہوا بلکہ امریکی کمیشن نے بابری مسجد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے،مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر نے پر بھی شدید تنقید کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کا رکن بنانا ہی پاکستان کے موقف کی تائید ہے کیونکہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت وجود میں آئی ہے تب سے دنیا بھر میں عمران خان کو امن کا سفیر کہا جا رہا ہے تاہم یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ پاکستان بھر میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتیں مکمل طور پر آزاد زندگی گزار رہی ہیں، جسکا اعتراف امریکی کمیشن کی سالانہ رپورٹ میں بھی کیا گیا تھا۔