وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت معذوری کے حامل افراد کی فلاح کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے:راجہ بشارت

یقین دلاتا ہوں کہ ان کے باقی مسائل بھی حل ہوں گے اور تمام حقوق ملیں گے:صوبائی وزیر قانون و سوشل ویلفیئر

 وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت معذوری کے حامل افراد کی فلاح کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے:راجہ بشارت

لاہور:صوبائی وزیر قانون و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت معذوری کے حامل افراد کی فلاح کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے-یقین دلاتا ہوں کہ ان کے باقی مسائل بھی حل ہوں گے اور تمام حقوق ملیں گے. وہ آج الحمرا میں سفید چھڑی کے عالمی دن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے-چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ،ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا سمیت بلائنڈز تنظیموں کے عہدیدارمحمد مظفر، پروفیسر محمد اویس، سلیم احمد عالی، خرم بٹ اور دیگر بھی موجود تھے-

راجہ بشارت نے کہا کہ سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر آپ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں -انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت معذوری کے حامل افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں مختص تین فیصد کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے جبکہ مختلف محکموں میں 580 سے زائد ڈیلی ویجرز کو مستقل کیا جا رہا ہے-انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بینائی سے محروم ڈیلی ویجرز کی مستقلی کے لیے وزیر اعلی نے بھرتی پرعائد پابندی نرم کی ہے-

راجہ بشارت نے کہا کہ بینائی سے محروم ملازمین کی ترقی کے زیر التوا کیس بھی ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جا رہے ہیں -انہوں نے بینائی سے محروم ملازمین کے مطالبے پر یقین دہانی کرائی کہ انکے سفری الاؤنس اور ہارڈشپ الاؤنس بڑھانے اور سرکاری ہاؤسنگ سکیموں میں کوٹہ مختص کرنے کی سفارش کروں گا- وزیر قانون نے کہا کہ ہماری پہلی اورآخری ترجیح ہو گی کہ معذوری کے شکار ملازمین کو گھر کے نزدیک ترین تعینات کیا جائے-انہوں نے کہا کہ دوسال قبل بینائی سے محروم افراد سڑکوں پر احتجاج کر رہے تھے لیکن آج مجھے خوشی ہے کہ آپ کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں اور آپ کا اعتماد حکومت پر بحال ہوا-