کرونا وبا، ٹڈی دل اور متوقع سیلاب کی تناظر میں یہ ایک نہایت متوازن اور متناسب بجٹ ہے: فیاض الحسن چوہان

موجودہ بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، بلکہ ٹیکسٹائل، لیدر، آئی ٹی، کیٹرنگ، گیسٹ ہاؤسز اور چھوٹے ہوٹلوں سمیت 20 سے زائد سروسز پر ٹیکس 16 فیصد سے 5 فیصد کیا جا رہا ہے: فیاض الحسن چوہان

 کرونا وبا، ٹڈی دل اور متوقع سیلاب کی تناظر میں یہ ایک نہایت متوازن اور متناسب بجٹ ہے: فیاض الحسن چوہان

لاہور : وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں وزیرِ خزانہ ہاشم جواں بخت کو تاریخی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وبا، ٹڈی دل اور متوقع سیلاب کی تناظر میں یہ ایک نہایت متوازن اور متناسب بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور اے ڈی پی کو پچھلے سال سے زیادہ فنڈز دیئے گئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ موجودہ بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، بلکہ ٹیکسٹائل، لیدر، آئی ٹی، کیٹرنگ، گیسٹ ہاؤسز اور چھوٹے ہوٹلوں سمیت 20 سے زائد سروسز پر ٹیکس 16 فیصد سے 5 فیصد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت 32 فیصد زیادہ ترقیاتی فنڈز رکھے گئے ہیں۔ پرائمری ہیلتھ کیئر کیلئے 135.9 ارب جبکہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کیلئے 148.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت کی شروع دن سے جاری کفایت شعاری مہم کی مد میں سرکاری محکموں کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری کی ساٹھ فیصد درخواستیں مسترد کی گئی جس سے ڈیڑھ ارب کی بچت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں کرونا سے نمٹنے کے لیے بجٹ میں خصوصی ترجیحات متعین کی گئی ہیں۔

حکومتِ پنجاب کوویڈ-19 سے متاثرہ معیشت کی بحالی کیلئے 56.5 ارب سے زائد کا ٹیکس ریلیف پیکج دے رہی ہے جبکہ کوویڈ-19 سے براہ راست نمٹنے کیلئے 25.22 ارب مختص کیے گئے ہیں جو کہ انصاف امداد پروگرام، پی ڈی ایم اے، محکمہ زکوٰۃ اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پر خرچ کیے جائیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پنجاب کو ایک کاروبار دوست اور پروگریسو بجٹ دینے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور انکی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔