کین کمشنر پنجاب کا تاحال عدم ادائیگیوں پر تین شوگر ملوں کے خلاف نوٹس

دو دن میں واجبات ادا نہ کرنے والی ملوں کے خلاف قانونی کارروائی کی تنبہہ

کین کمشنر پنجاب کا تاحال عدم ادائیگیوں پر تین شوگر ملوں کے خلاف نوٹس

لاہور : صوبہ پنجاب میں گنے کے کاشتکاروں کوان کے واجبات تاحال عدم ادائیگیوں پر کین کمشنر پنجاب نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ محمد زمان وٹو نے تاندلیانوالہ کی شوگر ملوں رحمن ہنجرا یونٹ، فیصل آباد یونٹ اور جی بی شوگر مل پسرور کو 2 دن کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 فروری تک گنے کے کاشتکاروں کو واجبات ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ کین کمشنر پنجاب کی جانب سے جی بی شوگر مل پسرور، سیالکوٹ، تاندلیانوالہ شوگر مل یونٹ ون اور ٹو، فیصل آباد، رحمٰن حاجرہ اور مظفر گڑھ کی شوگر ملوں کو دسمبر اور جنوری کی عدم ادائیگی کی شکایات پر ملز مالکان عاطف ظہیر فاروقی، اکبر خان اور محمد عرفان جاوید کو جاری کئے گئے نوٹس میں تنبیہہ کی گئی ہے کہ دو یوم یعنی 20 فروری تک گنے کے کاشتکاروں کے دسمبر اور جنوری کے مہینوں کے واجبات ادا کریں اور ادائیگیوں کی کلیئرنس کین کمشنر آفس میں جمع کروائیں۔

بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کین کمشنر پنجاب محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ مذکورہ شوگر ملوں کے خلاف کین کمشنر آفس کو شکایات موصول ہو رہی تھیں جن پر انہیں بارہا واجبات ادا کرنے کو کہا گیا لیکن شوگر ملز مالکان کی جانب سے کسانوں کا استحصال جاری رکھنے کے بعد کین کمشنر آفس کو نوٹس لینا پڑ رہا ہے۔ محمد زمان وٹو نے 20 فروری تک ادائیگیاں کلئیر نہ کرنے پر ان شوگر ملوں کے خلاف سخت اقدام کا عندیہ دیا ہے۔